کراچی :سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے موقع پر کسی نے سندھ میں سڑکیں بند کرنے کی کوشش کی تواس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت ایکشن ہو گا۔
اس لانگ مارچ کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ارشد شریف کا قتل انتہائی افسوس ناک ہے مگر پی ٹی آئی اس واقعہ سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جبکہ ارشد شریف کے قتل کے تانے بانے بنی گالا سے مل رہے ہیں۔
آج کو کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ،انہیں چاہیے کہ وہ قوم کے نوجوانوں کو ورغلانے کے بجائے اپنی بیگمات اور بچوں کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہوں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں یوتھیوں کی حکومت نہیںکسی نے بھی اگرسڑک بند کرنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق ایکشن ہوگا۔
انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ سندھ میں کسی کو حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان جہاد کا نام استعمال کرکے قوم کے بچوں کو بلارہے ہیں،یہ نہیں ہوسکتا کہ قوم نکلے او عمران خان کے اپنے بچے لندن میںآرام سے موج مناتے رہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں لانگ مارچ کے لئے ڈپٹی کمشنرز ایس ایس پیز کو گاڑیاں پکڑنے کا ٹاسک دیاگیاہے ۔پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومت کے وسائل لانگ مارچ میں استعمال۔ہورہے ہیں ۔
وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے خدشہ ظاہر کیا پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد پر حملہ کی سازش کی جارہی ہے اگر ایسا ہوا تو پورے پاکستان پر حملہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کے پاس کوئی عوامی حمایت نہیں یہاں اس کا صرف سیلفی گروپ ہے جو اپنی تصویریں خود بناکر میڈیا پر شیئر کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دو صوبوں سے سرکاری ملازمین کو لانگ مارچ میں بھیجنے کا کام ہورہا ہے ۔ارشد شریف کیس سے متعلق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ارشد شریف کی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملک کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ اس واقعے کو استعمال کر کے ایک سیاسی جماعت فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔