بقائے باہمی اور عالمی امن کے لیے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ممتاز ایونٹ آئیڈیاز 2022 کراچی ایکسپو سینٹر میں 15سے 18 نومبر 2022کو منعقد ہوگا۔ ڈیفنس ایکسپوٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈی ای پی او) کے تحت ہونے والی نمائش و کانفرنس کا یہ گیارہواں ایڈیشن ہے جو اب عالمی دفاعی صنعت کے رابطوں اور دفاعی انڈسٹری میں نئی ٹیکنالوجیز اور صلاحیتوں کے اظہار کا ایک مستحکم اور ممتاز پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) پاکستان کی دفاعی شعبہ میں خود انحصاری کے طویل اور متاثر کن سفر کی تاریخ بھی سامنے لاتا ہے۔
کس طرح پاکستان کی دفاعی صنعت نے بین الاقوامی اور علاقائی چیلنجز اور محدود وسائل کے باوجود وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے خود انحصاری کا سفر طے کیا اور نئی منزلوں کی جانب گامزن رہی۔ انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار پاکستان کی بقائے باہمی اور عالمی امن کی دیرینہ خواہش اور عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کی تمام تر حربی صلاحیت اور مہارت دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور خطے میں طاقت کو توازن کو بہتر بنانے میں پاکستان کی دفاعی صنعت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ نمائش و کانفرنس میں پاکستان کی امن کی خواہش کو دنیا بھر سے آنے والے دفاعی ماہرین اور مبصرین کی جانب سے پذیرائی ملتی ہے اس طرح یہ نمائش و کانفرنس دنیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے عزم اور خواہش کی پیامبر بھی ثابت ہوتی ہے۔
دفاعی شعبہ میں خود انحصاری کی منزل حاصل کرنے میں پاکستان کے دیرینہ دوست ملکوں کا تعاون حاصل رہا ان ملکوں کے ساتھ پاکستان کے مضبوط معاشی، ملٹری اور سماجی تعلقات کی عکس انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار میں بخوبی نظر آتا ہے۔ پاکستان کی دفاعی خود انحصاری میں مدد اور تعاون فراہم کرنے والے دوست ممالک انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار میں خصوصی پویلین قائم کرتے ہیں ان پویلینز کے ذریعے ان دوست ملکوں کو اپنی دفاعی صنعت کی صلاحیت دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملتا ہے ساتھ ہی پاکستان کے ساتھ جاری اشتراکی منصوبوں کو بھی سامنے لایا جاتا ہے۔ گزشتہ نمائش میں ترکی، چین اور روس نے آئیڈیاز نمائش میں خصوصی پویلین قائم کیے اس سال ہونے والی نمائش میں کنٹری پویلین کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے جبکہ یورپی ملکوں رومانیہ اور آسٹریا سمیت 107ملکوں کے 345سے زائد اہم شخصیات و اعلیٰ سطح کے مندوبین کو مدعو کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار میں عالمی دفاعی صنعت کے اہم پلیئرز کی بڑے پیمانے پر شرکت سے پاکستان کو دفاعی شعبہ میں ٹیکنالوجی پارٹنرشپ اور جوائنٹ وینچرز کے مواقع مہیا ہوتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم سے شروع ہونے والے بہت سے ابتدائی رابطے وقت گزرنے کے ساتھ دفاعی شعبہ میں مضبوط تعلقات کی بنیاد بنتے ہیں۔ بین الاقوامی دفاعی صنعت کے ماہرین، مندوبین اور سرکاری شخصیات کے ساتھ بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو گورنمنٹ ملاقاتیں اس ایونٹ کا اہم حصہ ہے۔ اس سال بھی اہم نوعیت کی کارباری ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے ایکسپو سینٹر میں پرسکون اور آرام دہ نشست گاہ بنائی جارہی ہے جہاں شرکاءملاقاتیں کرکے اس پلیٹ فارم سے ملنے والے امکانات پرتبادلہ خیال کرسکیں گے۔
پاکستان کی دفاعی صنعت میں اہم کردار والے قومی و نجی ادارے بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں اس سال بھی قومی و نجی اداروں نے اپنے اسٹالز کو پرکشش اور پر وقار بنانے کے لیے خصوصی تیاریاں کی ہیں۔ ایکسپو سینٹر کے اندرونی ہالز کے علاوہ بیرونی احاطے میں بھی دفاعی اداروں کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔ پاکستان کے قومی دفاعی اداروں کی مصنوعات اور صلاحیتوں میں عالمی صنعت گہری دلچسپی لیتی ہے ان اداروں میں ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا، نیشنل ریڈیواینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن، گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز سرفہرست ہیں اس کے علاوہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کے خصوصی اسٹالز بھی لگائے جاتے ہیں جو شرکاءکی خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔
انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار کے بھرپور انعقاد میں وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ سندھ حکومت سمیت تمام متعلقہ سول ادارے بھی فعال کردار اداکرتے ہیں۔ اس اہم ترین قومی ایونٹ کی میزبانی سندھ حکمت اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہترین اشتراک عمل کے لیے تشکیل دی جانے والی اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود وزیر اعلیٰ سندھ کرتے ہیں۔ اس سال بھی نمائش کے انعقاد کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوچکے ہیں جن میں اب تک کے انتظامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ایونٹ کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کے لیے اشتراک عمل کو مضبوط سے مضبوط تر بنایا گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایونٹ کے انعقاد کے لیے سندھ حکومت کے بھرپور تعاون اور سرپرستی کا یقین دلایا اور تمام صوبائی محکموں اور وزارتوں کو مثالی انتظامات میں اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزی بیشن اینڈ سیمینار کو کامیاب بنانے میں کراچی کے شہری بھی ایک اہم اسٹیک ہولڈر ہیں جو ایونٹ کے دوران غیرملکی مندوبین کی آمدورفت کے دوران غیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہیں نمائش کے آخری روز عام شہریوں کو بھی نمائش میں شرکت کرکے پاکستان اور دنیا کی حربی صلاحیتوں کو قریب دے دیکھنے کا موقع دیا جاتا ہے اور شہری نظم و ضبط کے ساتھ بڑی تعداد میں اس موقع سے استفادہ کرتے ہیں۔ گزشتہ ایونٹس سے روایت رہی ہے کہ کراچی کے شہریوں کے لیے ساحل سمندر پر خوبصورت انداز میں ایئر شو کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں پاکستان کے دلیر اور جانباز پائلٹس پر اپنی حربی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں اس سال بھی 17نومبر کو ساحل سمندر پر نشان پاکستان پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں عام شہری شرکت کرسکیں گے۔
اس اہم قومی ایونٹ کو آرگنائز کرنے کی ذمہ داری ہر سال کی طرح اس سال بھی ایونٹ منجمنٹ ادارے بدرایکسپو سلوشن کو تفویض کی گئی ہے جو نہ صرف نمائش کا احسن طریقے سے انتظام کرتی ہے بلکہ نمائش کی ملکی و غیرملکی میڈیا کے ذریعے بھرپور طریقے سے کوریج کو بھی یقینی بناتی ہے تاکہ نمائش کے مقاصد کو کامیابی سے حاصل کیا جاسکے۔