عمران کی جیتی 6نشستیں خالی قرار ،27نشستوں پرضمنی انتخابات ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے 32 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا

جس کے بعد قومی اسمبلی کی27 نشستوں پرضمنی انتخابات روک دیے۔ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر 32 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب سے جنرل نشستوں پر 27 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کا نوٹی فکیشن معطل کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے تصدیق کی کہ پنجاب سے 5 خواتین ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن معطل کیا گیا جبکہ اسلام آباد کے 3 قومی اسمبلی حلقوں میں ضمنی الیکشن کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

الیکشن کمیشن نے واضح کیا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ اسلام آباد کی حدود پر لاگو نہیں ہوتا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے27 ایم این ایز، مخصوص نشستوں پر5 خواتین ارکان کی رکنیت بحال ہونے کے بعد قومی اسمبلی کی 27نشستوں پرضمنی انتخابات روک دیے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق راولپنڈی کے6 حلقوں اور فیصل آباد، خوشاب، ملتان، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، رحیم یارخان، لیہ اور لاہورکے ضمنی انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق میانوالی اور بھکر کے ضمنی انتخابات بھی تا حکم ثانی ملتوی کردیے گئے ہیں۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جیتی ہوئی 6 نشستیں خالی قرار دے دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کراچی کی نشستیں خالی قرار دے دی۔

ای سی پی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان صرف این اے 45 کرم کی نشست رہے گی۔ عمران خان نے ضمنی انتخابات میں 7 نشستوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق آئین کے تحت زیادہ نشستوں پر جیتنے والا ایک سیٹ ہی رکھ سکتا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی نتائج جاری ہونے کے بعد 30 دن میں اضافی نشستوں سے مستعفی ہونا لازمی ہے، ازخود مستعفی نہ ہونے والا صرف اس نشست پر برقرار رہے گا جو سب سے آخر میں جیتی ہو۔ عمران خان نے آخری نشست این اے 45کرم سے جیتی تھی۔

Leave a Reply