اسلام آباد:مہنگائی کا طوفان،بجلی بم بھی بلاسٹ ہوگیا۔غریب صارفین کو18روپے فی یونٹ کاہائی ولٹیج جھٹکا۔ آٹا، گھی،دودھ سمیت اشیاء ضروریہ بھی پہنچ سے باہر۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اورشرط پوری کرنے کے لیے بجلی صارفین پر76ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا،نیپراکاحکمنامہ بھی جاری۔
کراچی کیلئے13روپے87پیسے،200یونٹ والے پروٹیکٹو صارفین سے2روپے،نان پروٹیکٹو سے 2 روپے75 پیسے، 300 یونٹ پر 2 روپے 75 پیسے، کسانوں سے8ماہ میں3 روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔ حکومت نے مزید 3 روپے 39 پیسے سرچارج عائدکردیا،47پیسے فیول ایڈجسٹمنٹ بھی لاگو،ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےمہنگائی کی شرح 42.27فیصد ریکارڈ اضافہ، 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے رواں سال بجلی کے صارفین سے 14 روپے24پیسے فی یونٹ تک وصول کرنے کی اجازت دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے شہریوں سے 13 روپے87پیسے فی یونٹ وصول کرنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ سرچارج رواں سال 8 ماہ میں وصول کیا جائے گا۔ نیپرا کے مطابق دو سو یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹو صارفین سے 8 ماہ میں 89 پیسہ سے دو روپے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے،دوسویونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹوصارفین سے 79 پیسہ تا دوروپے75پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے۔ اسی طرح 300 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین سے بھی79پیسہ سے دو روپے 75 پیسے فی یونٹ اضافی وصول کیے جائیں گے، کسانوں سے 8 ماہ میں 50 پیسہ سے 3 روپے فی یونٹ تک اضافی وصول کیے جائیں گے۔
دریں اثنا کے الیکٹرک صارفین کے لیے 13 روپے 87 پیسے فی یونٹ تک اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا ہے۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام ڈسکوزکے لیے فی یونٹ بجلی 47 پیسے مہنگی کی گئی ہے،بجلی جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں مہنگی کی گئی ہے۔اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بھی جنوری کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں فی یونٹ بجلی ایک روپے 71 پیسے مہنگی کردی گئی ہے۔نیپرا اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے مارچ کے بلوں میں بجلی کی قیمت میں اضافہ وصول کیا جائے گا تاہم ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ادھرآئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرنے کے لیے حکومت نے بجلی صارفین پر 76 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈال دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف کی شرط کو پورا کرنے کیلئے حکومت نے بجلی صارفین پر 3 روپے 39 پیسے فی یونٹ کا سرچارج عائد کیا جس کا وزارت توانائی نے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سرچارج صارفین سے مارچ سے جون 2023 کے دوران وصول کیا جائے گا،مجموعی سرچارج بڑھ کر3 روپے 82 پیسے فی یونٹ ہوجائے گا جبکہ اس وقت بجلی صارفین پہلے ہی43 پیسے فی یونٹ سرچارج ادا کررہے ہیں۔سرچارج کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر بھی ہوگا، جون2023 تک بجلی صارفین سے تقریبا 76 ارب روپے اضافی وصول کئے جائیں گے۔حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال سے سرچارج کے ذریعے بجلی مزیدمہنگی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)میں دائرکر دی گئی۔
حکومت نے سرچارجز میں اضافے کے لیے نظر ثانی کی درخواست کی ہے جس میں آئندہ مالی سال سے سرچارجز میں 1روپے 80 پیسے فی یونٹ اضافے تک کی درخواست کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہیکہ آئندہ مالی سال کے لیے فی یونٹ سرچارج 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ بڑھانا ہے،پہلے یہ سرچارج 1روپے 43 پیسے فی یونٹ تک لگانے کافیصلہ تھا تاہم اس سے مالی ضروریات پوری نہیں ہورہیں۔حکومت کی جانب سے جولائی تا اکتوبر 300 یونٹ تک گھریلو اور زرعی صارفین پر 43 پیسے یونٹ سرچارج کی درخواست کی گئی ہے
، نومبر تا جون 300 یونٹ تک گھریلو اور زرعی صارفین پر سرچارج 3.23 روپے کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔نیپرا کا کہنا ہے کہ سرچارج اضافے کی درخواست کے الیکٹرک اور ڈسکوزکے صارفین کے لیے ہے، بجلی صارفین پر سرچارج کی درخواست کی 16مارچ کو سماعت کی جائیگی۔
دوسری جانب ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کے ہفتہ واراعدادوشمارجاری کر تے ہوئے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 42.27فیصدریکارڈکی گئی۔گزشتہ ہفتے 29اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔جمعہ کے روز ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے،ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 42.27فیصد ریکارڈ کی گئی
گزشتہ ہفتے 29اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،ٹماٹر،آلو،پیاز،چینی، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، گندم کاآٹا،گھی،دودھ،دہی،چائے،کیلے اورنمک کے نرخ بھی بڑھ گئے،گزشتہ ہفتے چکن،انڈے،لہسن ، دال مونگ سمیت 8اشیائے خوردونوش سستی ہوئی،رپورٹ کے مطابق ایل پی جی،جلانے کی لکڑی بھی معمولی سستی ہوئی، اس دوران 14اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔