اسلام آباد: وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی ترکیہ اور شام کے زلزلے سے متاثرہ لوگوں کے لیے مسلسل امدادی کاروائیاں جاری ہیں. اس سلسلے میں این ڈی ایم اے نے مزید 550 ٹن امدادی سامان پاکستان نیوی کے بحری جہاز معاون کے ذریعے زلزلہ زدہ ترکیہ اور شام کے لیے آج روانہ کیا.
بحری جہاز کی روانگی کے موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، کراچی میں ترکئیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو اور کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل فیصل عباسی نے شرکت کی. مذکورہ جہاز میں ترکئیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے 2625 موسم سرما کے بڑے خیمے اور 38370 کمبل شامل ہیں، جبکہ شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 179 ٹن امداد میں 22000 کمبل سمیت 144 ٹن عطیات شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے دونوں ممالک کے لیے امدادی سامان لے جانے والا جہاز 23مارچ کو ترکئیہ اور 31 مارچ کو شام پہنچے گا۔
اس سے قبل 28 فروری کو این ڈی ایم اے نے PNS نصر کے ذریعے دونوں ممالک کے لیے 1000 ٹن کا پہلا سمندری کارگو روانہ کیا تھا جو 13 مارچ کو ترکیہ اور 19/20 مارچ شام پہنچ جائے گا۔
این ڈی ایم اے نے اب تک 2812 ٹن امدادی سامان دونوں ممالک کو روانہ کیا ہے، جس میں موسم سرما کیلئے رہائشی خیمے، کمبل، راشن بیگ اور دیگر اشیاء ضروریہ شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے نے اب تک ہر ممکن ذرائع آمدورفت برؤے کار لاتے ہوئے امدادی سامان دونوں ممالک میں پہنچایا ہے، جس میں پی اے ایف کے تین سی 130 طیارے اور ایک آئی ایل 78، تین ترک کارگو ایئر کرافٹس، پی آئی اے کی تین چارٹرڈ فلائٹس کے علاوہ معمول کی پروازوں میں 29 بلا معاوضہ بیلی سپیس، این ڈی ایم اے چارٹرڈ کارگو، این ڈی ایم اے کی طرف سے NLC کے21 ٹرک، پاک نیوی کے دو بحری جہاز اور سول بحری جہاز کنٹینرز شامل ہیں۔
