سڑکوں اورمصروف مقامات پر دن رات تجاوزات کی بھرمار اور دھڑلے سے چلتا کاروبارانتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا پول کھول رہاہے

اخبارات اور نجی ٹی وی چینلوں پر شائع اور نشر ہونے والی رپورٹوں پر کے ایم سی کا محکمہ انسداد تجاوزات دکھاوے کی کارروائی کرتا ہے

تجاوزات ٹریفک پولیس، تھانہ پولیس اور کے ایم سی کے بد عنوان افسروں اور عملے کی ملی بھگت کا شاخسانہ ہے

کے ایم سی کا محکمہ انسداد تجاوزات دکھاوے کی کارروائی کرتا ہے، اس کارروائی کے دوسرے ہی دن پھر وہاں ٹھیلے اور پتھارے نظر آتے ہیں

کراچی کے بیشتر علاقوں میں فٹ پاتھ کا تصور ہی ختم ہو چکا ہے، سڑکوں فٹ پاتھوں پر ٹھیلے پتھارے دار مافیا کے قبضہ کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا

کراچی تجاوزات کا جنگل بن گیا ہے۔ شہر کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر پتھارا مافیا کا راج ہے

کراچی میںبرنس روڈ، ریگل،بہار کالونی ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، لیاقت آباد، کریم آباد،گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، لانڈھی، کورنگی، اورنگی، ملیر سمیت شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جو پتھارا اور تجاوزات مافیا کی نظر سے بچ گیا ہو، جہاں گلیوں اور سڑکوں پر قبضہ کر کے ناجائز تعمیرات قائم نہ ہوں۔

پتھارا اور تجاوزات مافیا کی وجہ سے سڑکوں پر بھی ٹھیلے کھڑے اور پتھارے لگے نظر آتے ہیں، جبکہ کراچی کے بیشتر علاقوں میں فٹ پاتھ کا تصور ہی ختم ہو چکا ہے، سڑکوں فٹ پاتھوں پر ٹھیلے پتھارے دار مافیا کے قبضہ کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے، ٹریفک روانی میں خلل کے باعث منٹوں کا سفر گھنٹوں میں تبدیل ہوگیا ہے پیدل چلنے والے افراد سڑکوں پر چلنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر حادثات معمول بن گئے ہیں ،

شہریوں کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے۔کراچی کی کسی بھی سڑک یا فٹ پاتھ کا جائزہ لیا جائے تو دور تک چائے اور کھانے کے ہوٹلوں کی کرسیاں ٹیبل اور تخت، فٹبال گیمز، سنوکر گیم، گول گپے آئس کریم، جوتے والوں، کپڑے والوں اور کھانے پینے کے سٹالز و دکانیںلگی ہوئی نظر آتی ہیں،

یہ ٹریفک پولیس، تھانہ پولیس اور کے ایم سی کے بد عنوان افسروں اور عملے کی ملی بھگت کا شاخسانہ ہے،جن سے روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں اور ماہانہ لاکھوں روپے آزادانہ طورپر بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ شہرقائد کے دیگر مسائل کی طرح تجاوزات بھی ایک اہم اور سنگین مسئلہ ہے،

جس کا اب تک تدارک نہ ہوسکا،سڑکوں اورمصروف مقامات پر دن رات تجاوزات کی بھرمار اور دھڑلے سے چلتا کاروبارانتظامیہ کی بہترین کارکردگی کا پول کھول رہاہے۔ اخبارات اور نجی ٹی وی چینلوں پر شائع اور نشر ہونے والی رپورٹوں پر کے ایم سی کا محکمہ انسداد تجاوزات دکھاوے کی کارروائی کرتا ہے، اس کارروائی کے دوسرے ہی دن پھر وہاں ٹھیلے اور پتھارے نظر آتے ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے

کہ کراچی میں تجاوزات اور پتھارا مافیا کا خاتمہ ایک ایسا خواب ہے، جو شاید ہی کبھی شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ ان تمام حقائق کے باوجود کراچی کے شہری تسلسل کے ساتھ تجاوزات کے تدارک اور تجاوزات و پتھارا مافیا اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کررہے ہیں،

شہریوں کے بعض حلقے یہ تجویزدیتے ہیںکہ ،جس سڑک یا فٹ پاتھ پر تجاوزات کی جائیں، اس علاقے کے محکمہ انسداد تجا وزات، ٹریفک پولیس اور علاقہ پولیس کے متعلقہ افسر کے خلاف کراچی انتظامیہ یا سندھ حکومت کی جانب سے تادیبی کارروائی کی جائے، بصورت دیگر کراچی میں دیگر مسائل کی طرح سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کا مسئلہ بھی شہریوں کے لئے ہمیشہ درد سر بنا رہے گا۔

Leave a Reply