جنرل عاصم منیر اور سینئر چینی سفارتکار کی ملاقات، خطے کے تحفظ ، اتحاد، استحکام، ترقی و دیگر امور پر تبادلہ خیال
پاک فوج چین اور پاکستان کے درمیان دوستی کی مضبوط محافظ، علاقائی خوشحالی کیلئے تعاون جاری رہے گا: وانگ یی
بیجنگ: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی حالات چاہے جو رخ اختیار کریں پاکستان ہمیشہ چین کا ساتھ دے گا اور پاکستانی فوج پاک ۔ چین تعلقات کے فروغ میں بھرپور تعاون کرتی رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے امور خارجہ کمیشن کے ڈائریکٹر، سینئر چینی سفارتکار وانگ یی سے ملاقات کے دوران کیا۔ سینئر چینی سفارتکار نے کہا کہ پاکستانی فوج چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی کی مضبوط محافظ ہے۔
پاکستان کی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ ، اتحاد، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لئے چین بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ چین نوول کرونا وائرس دور کے بعد پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تبادلے دوبارہ شروع کرنے کو تیار ہے۔