کراچی :وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے200 بستروں پر مشتمل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونیٹولوجی چلڈرن اسپتال کورنگی کے ساتھ 28 بستروں پر مشتمل پیڈیاٹرک انٹینسیو کیئر یونٹ اور 52 بستروں پر مشتمل نوزائدہ انتہائی نگہداشت یونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

انہوں نے کراچی میں ویزا سینٹر کا بھی دورہ کیا۔کورنگی چلڈرن اسپتال21وینٹی لیٹرز، 26 ہائی فلو وینٹی لیشنز اور 20 فوٹو تھراپی لائٹس سے لیس ہے۔ اسپتال میں41 بستروں پر مشتمل جنرل پیڈیاٹرک وارڈز ہیں اور اس میں روزانہ تقریباً 350 مریضوں کی او پی ڈی ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کورنگی اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو اپنے علاقے میں چلڈرن اسپتال کے قیام پر مبارکباد دی۔ انہوں نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیونٹولوجی (SICHN) کو بھی ایسی جدید ترین سہولت کے قیام پر مبارکباد دی۔مراد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ضلع کورنگی کے عوام کو محض تسلی دینے کے بجائے انکو بہترین روڈ انفرااسٹرکچر، فلائی اوور، ٹرانسپورٹ اور اب یہ چلڈرن اسپتال دے کر عملی طور پر انکی خدمت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپتال میں متعدد سہولیات ہیں جن میں او پی ڈی، ریڈیولاجی، نوزائدہ انتہائی نگہداشت یونٹ، پیڈیاٹرکس نگہداشت یونٹ، جنرل پیڈیاٹرکس، بحالی سینٹرز، فارمیسی اور ایک تمام سہولیات سے لیس لیبارٹری شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمال رضا کی طرف سے دی گئی پریزنٹیشن کے دوران فیصلہ لیا گیا ہے کہ نوزائدہ بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے مزید کوششیں کی جائیں گی۔ مراد شاہ نے کہا کہ انہیں بتایا گیا کہ پاکستان میں ہر ایک ہزار پیدائش بچوں میں سے 45.6نوزائدہ اموات ہوتی ہیں تاہم ان میں سے 80 فیصد اموات کو مناسب سہولیات کی فراہمی کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کہا کہ نوزائدہ بچوں کی اموات کی شرح کو کم کرنے کیلئے تھری ٹائر سسٹم ( انورٹڈ پیرامڈ اسٹرکچر)تجویز کیا گیا ہے جس میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے یونٹس کی فراہمی شامل ہے، اس کے بعد ثانوی نگہداشت یونٹس تحصیل سطح جس میں کینگرو مدر کیئر (KMC) ایک ماں اور نوزائدہ بچوں کے درمیان جلد کا رابطے، بار بار ماں کا دودھ پلانا اور اسپتال سے جلد ڈسچارج) سہولیات، سیال معاونت، اور صحت کی دیکھ بھال کیلئے بنیادی اکائیوں پر مشتمل یونٹس شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر خصوصی مشاورتی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے ٹیرٹائری کیئر یونٹس قائم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ SICHN کے 86 فیصد مریض ٹھیک ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ اعدادوشمار کے مطابق اسپتال میں تمام سروسز میں اوسط کامیابی کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے ورک ویزا جاری کرنے اور ملازمتوں کیلئے درخواست دہندگان کو سفارتی خدمات فراہم کرنے کیلئے کراچی میں سب سے بڑا ویزا سینٹر قائم کیا ہے جو قابل تعریف بات ہے۔ متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتھی نے وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ جمعہ کوکراچی میں قائم ویزا سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وزیراعلیٰ کو اپنی خدمات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ویزا سینٹر کو ورک ویزے جاری کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو متحدہ عرب امارات میں روزگار کے مواقع ملنے پر ویزا سینٹر میں سہولت فراہم کی جائے گی۔ مجھے یقین ہے کہ سینٹر کے قیام سے متحدہ عرب امارات میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ یو اے ای میں ملازمتوں کیلئے درخواست دینے والے ملازمین کو قونصلر خدمات فراہم کرنے کے علاوہ ویزا سینٹر میں تصدیق کی سہولیات روزانہ کی بنیاد پر فراہم کی جارہی ہیں۔ قونصل جنرل مسٹر بخیت نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ یہ ویزا سینٹر غیر ملکیوں کی دستاویزات کے عمل میں کافی آسانی پیدا کرتا ہے اور دستاویزات میں کسی بھی خرابی یا غلطی سے بچنے کیلئے اسے اچھی طرح چیک کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سندھ اور بلوچستان کے عوام کو سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کراچی میں اس طرح کا جدید ترین، وسائل سے بھرپور اور سہولت مرکز قائم کیا گیا ہے۔

Leave a Reply