اسلام آباد (ویب ڈیسک )دنیا کی سب سے بلند چوٹی ماونٹ ایورسٹ سر کر کے تاریخ نے والی پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے گزشتہ دنوں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ کو سر کیا۔ وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والی دوسری پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں۔
ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کے دو دن بعد ہی انہوں نے دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی لوٹسے کو سر کیا۔
دو سال میں وہ دنیا کی چھ بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہیں۔وفاقی حکومت نے کوہ پیمائی کے حوالے سے دنیا میں پاکستان کا نام بلند کرنے والی نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان کیا جس کا نوٹیفیکشن وزیراعظم آفس سے جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم آفس نے سیکرٹری کابینہ کو ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر نائلہ کیانی کیلیے ستارہ امتیاز کے اعزاز کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل 2013 میں ثمینہ بیگ پہلی خاتون پاکستانی تھیں جنہوں نے ماونٹ ایورسٹ سر کی تھی۔