اسلام آباد : پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے جدید ترین آف شور پٹرول جہاز پی این ایس حنین کی لانچنگ کی تقریب ڈیمن شپ یارڈ گلاٹی، رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ نے بحر ہند سے گزرنے والی توانائی اور تجارتی گزرگاہوں پر روایتی اور غیر روایتی سمندری خطرات کے پیش نظر میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالی. انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ 2004 سے بحری تجارت کے تحفظ اور محفوظ سمندری ماحول کو یقینی بنانے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس یہ جہاز سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گا اور بحرہند بالخصوص بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنائے گا۔

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے مختصر وقت میں جنگی جہاز کی تعمیر پر ڈیمن شپ یارڈ کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو بھی سراہا۔ پاک بحریہ کے بیڑے میں آف شور پٹرول جہازوں کے پہلے بیچ پی این ایس یرموک اور پی این ایس تبوک کی متاثر کن کارکردگی پر ڈیمن شپ یارڈ کے ساتھ جہازوں کے دوسرے بیچ کا معاہدہ کیا گیا.

لانچنگ کی تقریب میں رومانیہ کی حکومت اور بحریہ کے نمائندوں، پاکستان نیوی کے افسران، ڈیمن شپ یارڈ کے حکام اور رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی۔

Leave a Reply