اسلام آباد:علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور انڈونیشیاء اوپن یونیورسٹی(ٹربوکا) کے مابین طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں ٗ مشترکہ تعلیمی و تحقیقی منصوبوں سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے منصوبوں اور فیلوشپ پروگرام شروع کرانے کے حوالے سے گذشتہ سال معاہدہ طے ہوا تھا، معاہدے پر باقاعدہ عمل درآمد شروع ہوچکا ہے

ٹربوکا یونیورسٹی میں 20۔اگست سے 6ستمبر تک ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کے تحت فیلوشپ پروگرام منعقد ہوا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے شعبہ فاصلاتی، غیررسمی و جاریہ تعلیم کے چئیرمین، ڈاکٹر محمد اجمل نے شرکت کرکے اپنا فیلوشپ پروگرام مکمل کرلیا ہے جو یقینی طور پر تعلیم کے معیار میں اضافے کا باعث بنے گا۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کی اِن جامعات کے مابین معاہدے کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز وہاں اور انڈونیشاء اوپن یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبر ز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی منصوبوں اور فیلو شپ پروگرام کے تحت آتے جاتے رہتے ہیں۔

انڈونیشاء میں فیلو شپ کے دوران ورکشاپس/سیمنار کے مواقع پر ڈاکٹر محمد اجمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا دائرہ کار اب پوری دنیا تک پھیل چکا ہے، اوپن یونیورسٹی میں اب دنیا بھر کے ممالک میں رہائش پذیر پاکستانیوں کے علاوہ بین الاقوامی طلبہ بھی داخلہ لے رہے ہیں، گذشتہ سمسٹر میں 35ممالک سے 450سے زائد طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔

ڈاکٹر اجمل نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کی خواہش کہ کہ دنیا بھر کے اوپن یونیورسٹیوں کے ساتھ ہمارے روابط مضبوط ہوں، اس سلسلے میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹوریٹ کو فعال کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی یہ بھی خواہش کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی طلبہ کی تعداد ہزاروں تک پہنچے۔فیلوشپ مکمل کرنے پر ڈاکٹر محمد اجمل کوسرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔

Leave a Reply