چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
کراچی،:محمد شبیر نے 27ویں سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی۔ چیمپئن شپ کی اختتامی اور تقسیم انعامات کی تقریب کراچی گالف کلب میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے چیمپئن شپ کے عمدہ انعقاد پر کراچی گالف کلب کے اسٹاف اور منتظمین کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے فاتحین کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ نیول چیف نے اس کھیل کے اعلیٰ معیار کی بھی تعریف کی جو گالف کے شرکاء کے لیے دلچسپ اور معیاری تفریح ثابت ہوئی۔ مزید برآں، انہوں نے گالف کے کھیل اور چیمپئن شپ کے انعقاد میں معاونت کرنے پر اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
چار روزہ چیمپئن شپ، 13 ستمبر سے 16 ستمبر 23 تک منعقد ہوئی، جو کہ 1995 سے گالف کے حلقوں میں ایک شاندار ایونٹ بن گیا ہے۔اس سال گالف چیمپئن شپ پروفیشنلز، امیچورز، ویٹرنز، لیڈیز اور جونیئرز کی کیٹیگریز میں کھیلی گئی۔ پروفیشنلز کے 72 ہولز، امیچورز کے 54 ہولز، KGC پروفیشنلز کے 36 ہولز، سینیئرز اور لیڈیز کے 18 ہولز جبکہ جونیئرز کیٹیگری ‘A’ اور ‘B’ اور ویٹرنز کے درمیان 9 ہولز میچز کا مقابلہ ہوا۔ یہ ایونٹ ملک کا سب سے زیادہ انعامی رقم والا گالف ایونٹ ہے۔ اس ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے 600 سے زیادہ گالفرز نے شرکت کی۔
تقریب میں سول و ملٹری افسران، اسپانسرز، گالف کے کھلاڑیوں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔