رواں ہفتے ملیریا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد12، سیکڑوں افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں
جیکب آباد: جیکب آباد میں ملیریا کی وباءتیزی سے پھیلنے لگی، ایک دن میں تین معصوم بچے چل بسے، سینکڑوں بچوں سمیت مرد و خواتین مبتلا، رواں ہفتے ملیریا کے باعث 12 افرادانتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں ملیریا کی وباءتیزی سے پھیلنے لگی ہے، مختلف علاقوں میں ایک ہی دن میں 3 معصوم بچے ملیریا میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں بچوں سمیت مرد و خواتین مبتلا ہوکر اسپتالوں میں داخل ہیں، نواحی گائوں سمندر کھوسہ میں 11 ماہ کا بچہ ملیریا میں مبتلا ہوکر فوت ہوگیا، تحصیل ٹھل میں 5 سالہ سعود نندوانی سمیت 3 بچے فوت ہوچکے ہیں۔
رواں ہفتے ضلع بھر میں 12 افراد ملیریا میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جن میں بچے اور بڑے شامل ہیں۔ تیزی سے پھیلنے والی ملیریا کی وباءپر قابو پانے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کے باعث مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے
ملیریا کی وباءمیں اضافے کے باعث سرکاری اور پرائیوٹ اسپتال مریضوں سے بھر چکے ہیں، علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے مچھر مار اسپرے تک نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہے اور ملیریا جیسی جان لیوا وباءنے لوگوں کو اپنے گھیرے میں لے لیا ہے
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور ضلع بھر میں مچھر مار اسپرے کرایا جائے اور ہنگامی بنیادوں پر ٹیمیں تشکیل دیکر دیہاتوں میں بھیجی جائیں تاکہ ملیریا میں مبتلا مریضوں کا علاج کرکے ان کی زندگیاں بچائی جائیں۔