اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اساتذہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھارہے ہیں،اس حوالے سے اقدامات کے تسلسل میں ‘اساتذہ کے لئے چار روزہ بین الاقوامی صلاحیت سازی ورکشاپگذشتہ روز شروع ہوئی۔
ورکشاپ کے پہلے روز، ریسورس پرسن،البرٹا یونیورسٹی کینیڈا کے امیرٹس پروفیسر، ڈاکٹر ٹوہ سوی ہین نے کینیڈا سے آن لائن ‘عالمی شہریت کی تعلیم پر اپنا مقالہ پیش کیا۔ورکشاپ کا اہتمام ڈپارٹمنٹ آف ارلی چائیلڈ ہوڈ ایجوکیشن اینڈ ایلمینٹری ٹیچر ایجوکیشن نے آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے تعاون سے کیا ہے۔
ریسورس پرسن نے خوف اور نفرت پر قابو پانے، عدم تشددکے حل کو اپنانے اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے شہریت کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے جی سی ای ڈی پروگراموں کی فراہمی کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے، امن اور تنازعات کے حل کی تعلیم دینے پر تفصیل سے بات کی۔انہوں نے کہا کہ تعلیم برائے امن اور انسانی حقوق پر عالمی اتفاق رائے کاایک ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے یونیسکو کے فیوچر آف ایجوکیشن انیشی ایٹو میں ٹرانسفارمیٹو ایجوکیشن کے کردار پر بھی بات کی۔انہوں نے کہا کہ سماجی ترقی کے لئے تمام جہتوں میں فعال اور ذمہ داری سے مقامی، قومی اورعالمی سطح پر حصہ لینے کے لئے اقدار، رویے، علم، صلاحیتیں اور مہارتوں کی خوبیوں سے آراستہ شہریوں کو تیار کریں۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب جمعہ 22ستمبر کو منعقد ہوگی۔