رپورٹ: اسرار ایوبی (ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ پاکستان )
الحمدللہ! آج ہمارے ایک عزیز دوست محمد قدیر قریشی ڈپٹی ڈائریکٹر قرضہ جات ہیڈ آفس کراچی ادارہ میں تقریباً 33 برس تک بخیر وخوبی خدمات انجام دینے کے بعد آج ملازمت سے ریٹائر ہوگئے ۔

اس یادگار موقع پر جنرل ایڈمنٹسٹریشن ڈپارٹمنٹ (GAD) ہیڈ آفس کراچی کی جانب سے محمد قدیر قریشی کے اعزاز میں ہیڈ آفس کراچی میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس کی صدارت محترمہ ناصرہ پروین خان فنانشل ایڈوائزر(FA) نے کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی حامد علی خان ڈپٹی ڈائریکٹر/ انچارج GAD تھے ۔

تقریب کا آغاز قدیر احمد شاہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر GAD کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ بعد ازاں حامد علی خان ڈپٹی ڈائریکٹر/ انچارج GAD نے قدیر قریشی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محترمہ ناصرہ پروین خان FA, EOBI نے قدیر قریشی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہر سرکاری ملازم کی زندگی میں بالآخر ریٹائرمنٹ کا وقت بھی آتا ہے جو بظاہر ملازمت کا اختتام ہے لیکن اس کے بعد ریٹائرڈ ملازم کی زندگی کا ایک نیا اور خوشگوار سفر شروع ہوتا ہے ۔ میرا مشورہ ہے کہ ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد بیکار گھر نہیں بیٹھنا چاہئے بلکہ انسان کے لئے ہر دم سرگرم رہنا ہی صحت مند زندگی کی علامت ہے ۔ انہوں نے قدیر قریشی کے ریٹائرمنٹ کے نئے دور کے لئے صحت مند اور خوشگوار زندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا جبکہ حامد علی خان نے قدیر قریشی کی خدمات کے اعتراف میں EOBI کی تعریفی شیلڈ پیش کی ۔

الوداعی تقریب میں ہیڈ آفس کے مختلف ڈپارٹمنٹس کے افسران اور اسٹاف ملازمین کے علاوہ EOBI ایمپلائیز فیڈریشن آف پاکستان CBA کے رہنماء احمد انجم اور محمد ناصر، EOBI ریٹائرڈ ایمپلائیز ویلفیئر ایسوسی ایشن (REWA) رجسٹرڈ پاکستان کے مرکزی رہنماؤں اقرار احمد اور حیدر کاظمی جبکہ سجاد احمد ریجنل ہیڈ اور مختار علی اسسٹنٹ ڈائریکٹر آپریشنز ریجنل آفس ناظم آباد کراچی اور محمد نعیم صدیقی سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر GAD نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور محمد قدیر قریشی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ جبکہ اس موقع پر نظامت کے فرائض راقم نے انجام دیئے ۔ آخر میں مہمانوں کی تواضع ظہرانہ سے کی گئی ۔

محمد قدیر قریشی کا شمار EOBI کے شریف النفس، دیانتدار، محنتی اور افسران میں کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے 28 اکتوبر 1989ء کو پرسنل اسسٹنٹ (PA) کی حیثیت سے ادارہ میں شمولیت اختیار کی تھی اور رفتہ رفتہ ترقی کے مدارج طے کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدہ تک پہنچ گئے تھے ۔

قدیر قریشی ماضی میں ادارہ کے کم و بیش پانچ ڈائریکٹر جنرل آپریشنز کے ساتھ ان کے اسٹاف افسر (SO) کی حیثیت سے تسلی بخش طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ جن میں کمانڈر (ر) محمد احمد، تمغہ بسالت پاک بحریہ (اب مرحوم)، جاوید رشید صدیقی، الیاس شیخ (اب مرحوم)، سید ابو احمد عاکف اور محمد حنیف بلوچ شامل ہیں ۔

بعد ازاں آپ کی تعیناتی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے HR ڈپارٹمنٹ ہیڈ آفس کراچی میں عمل میں آئی تھی جہاں آپ پہلے ڈپٹی ڈائریکٹر اور بعد ازاں قائم مقام ڈائریکٹر کے ذمہ دار عہدہ پر خدمات انجام دیتے رہے ۔ قدیر قریشی کی آخری تعیناتی ڈپٹی ڈائریکٹر/ انچارج قرضہ جات کے عہدہ پر تھی جہاں وہ 7 نومبر 2022 ء سے اپنی ریٹائرمنٹ تک خدمات انجام دے رہے تھے ۔

قدیر قریشی EOBI کے ایک اعلیٰ تعلیم و تجربہ کار افسر ہیں جو اپنے شعبہ میں وسیع تجربہ کے حامل تھے ۔ آپ کو 17 مارچ 2014 ء کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کے بعد ادارہ کی سینکڑوں سرکاری گاڑیاں اور لیپ ٹاپ لے فرار ہوجانے والے 358 برطرف جیالے افسران سے گاڑیوں اور لیپ ٹاپ کی بازیابی کے لئے قائم ریکوری سیل ہیڈ آفس کراچی کا انچارج مقرر کیا گیا تھا ۔ چنانچہ آپ نے اپنی ٹیم کے ارکان سید مبشر رضی جعفری اور احمد انجم کی معاونت سے بڑی جانفشانی کے ساتھ جملہ ریکارڈ اور رپورٹ تیار کرکے مزید قانونی کارروائی کے لئے انتظامیہ کے حوالہ کیا تھا ۔

آپ دوران ملازمت EOBI کی مختلف کمیٹیوں کا اہم حصہ بھی رہے ہیں اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ادارہ میں جلسہ سیرت النبی ص کے انعقاد کے لئے قائم کمیٹی کے بھی کنوینر مقرر کئے گئے تھے ۔

محمد قدیر قریشی ملازمت کے ساتھ ساتھ ایک طویل عرصہ سے ادارہ کے ملازمین کی آبادکاری کے لئے قائم EOBI ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ رجسٹرڈ کراچی کے اعزازی سیکریٹری کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

قدیر قریشی اپنے دور طالبعلمی میں ہاکی اور کرکٹ کے بھی بہترین کھلاڑی رہے ہیں ۔ انہوں نے دور طالبعلمی میں سینٹ پیٹرک کالج صدر کی نمائندگی کرتے ہوئے انٹر کالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا اور سنٹر ہاف کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا ۔ اسی طرح آپ فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھی سرگرم رہے اور سپر اسٹارز کرکٹ کلب صدر کی جانب سے مسلم جیمخانہ کراچی میں منعقدہ پنجاب ٹرافی میں اپنی ٹیم کی جانب سے رائٹ آرم لیگ اسپنر بالر کی حیثیت سے حصہ لے چکے ہیں اور ادارہ میں دوران ملازمت ٹریڈ یونین، اسپورٹس اور دیگر فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں ۔

اسی طرح محمد قدیر قریشی اپنے رہائشی اپارٹمنٹس اور اپنے علاقہ میں عوامی فلاح وبہبود کے کاموں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں ۔ اپنے اسی جذبہ خدمت خلق کے تحت وہ چند سال قبل کووڈ 19 کی بد ترین وباء کے دوران نادار اور ضرورت مندوں میں راشن کی تقسیم میں پوری طرح سرگرم عمل رہے تھے ۔

قدیر قریشی ایک دور میں اپنے رہائشی کیمبرج اپارٹمنٹس صدر کی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے بھی نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ جس کے دوران انہیں اپارٹمنٹس کے بااثر اور طاقتور بلڈر کی جانب سے عمارت کی کار پارکنگ اور چھت پر ناجائز قبضہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اور مکینوں کے حقوق کے لئے قانونی جدوجہد کرنے کی پاداش میں سخت آزمائشوں سے بھی دوچار ہونا پڑا تھا ۔

لیکن اس کے باوجود ان کے پایہ استقامت میں ذرہ برابر بھی لغزش نہیں آئی اور وہ آج بھی اسی شوق اور جذبہ کے ساتھ اپنے رہائشی اپارٹمنٹس کے مکینوں اور علاقہ کے لوگوں کے جائز مسائل خصوصاً EOBI کے بیمہ دار افراد کی جائز پنشن کے لئے کوشاں رہتے ہیں ۔

ہم اس یادگار موقع پر محمد قدیر قریشی کی صحت و سلامتی کے لئے دعاگو ہیں اور ان کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔ آمین

Leave a Reply