اسلام آباد : چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران رائل سعودی آرمڈ فورسز کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں ۔

سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے وزارت دفاع میں اور کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی سے رائل سعودی نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز میں ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ بحری تعاون کے امور اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز کے اقدام اور کمبائنڈ میری ٹائم فورس میں شرکت کے ذریعے علاقائی میری ٹائم امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا۔ رائل سعودی نیول فورسز کے کمانڈر نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور مضبوط دوطرفہ دفاعی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔

قبل ازیں سعودی بحری افواج کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور رائل سعودی نیول فورسز کے تربیتی مراکز اور جاری آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں اور نیول چیف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دے گا۔

Leave a Reply