اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں انسانی حقوق بارے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق، خلیل جارج نے کہا کہ ایسا شجر لگائیں کہ پڑوسی کے گھر پر سایہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ انسان کی ترقی امن اور محبت کے پیغام کو عام کرنے سے ممکن ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے سے محبت رکھیں کیونکہ محبت کو کبھی زوال نہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کو کبھی مرنے نہیں دینا، خلق خدا سے محبت کرنے سے خوبصورت معاشرہ تعمیر ہوسکتا ہے۔

وزیر نے مزید کہا کہ ہم سب قانون کے سامنے برابر ہیں، سب نے قوانین کا احترام کرنا ہے، اگر ہم قوانین کا احترام کرنا سیکھ جائیں اور فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی نہ کریں تو شاہد ہمیں انسانی حقوق کے اداروں کی ضرورت بھی نہ پڑے۔

وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقوق کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کرکے معاشرے کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے شرکاء بطور خاص طلبہ کو حقوق و فرائض میں توازن برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔وائس چانسلر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور حقوق کی پاسداری کے لئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نوجوانوں کی حقوق پر خاص توجہ دیتی ہے، خواجہ سراء کمیونٹی، معذور افراد اور شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ تعلیم بنیادی حق ہے اس لئے اوپن یونیورسٹی کسی بھی فرد کو محض فیس کی کمی کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم نہیں رکھتی، یونیورسٹی بلوچستان، گلگت بلتستان اور قبائلی اضلاع(سابقہ فاٹا)میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرتی ہے۔تقریب کا اہتمام یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ نے وزارت انسانی حقوق کے تعاون سے کیا تھا۔شعبے کی چئیرپرسن، ڈاکٹر کشور سلطانہ نے کہا کہ سیشن کا مقصد خواتین کے حقوق سے متعلق آگاہی پھیلانا اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا۔

انسانی حقوق کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شیراز احمد خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر، عزیر اقبال نے وزارت انسانی حقوق کی خدمات بیان کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر ملک حماد نے انسانی حقوق پر اپنا مقالہ پیش کیا

Leave a Reply