اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز(کینٹ اینڈ گریژن)کے مابین ‘ اساتذہ کی تربیت، تعلیم و تحقیق کی سرگرمیوں و دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ‘ مفاہمت کی یاداشت پر دستخطوں کی تقریب گذشتہ روز یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔
معاہدے کی دستاویزات پر یونیورسٹی کی جانب سے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود جبکہ فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکی جانب سے ڈائریکٹر سکولز افئیرز، بریگیڈئیر شاہد بشیر نے دستخط کئے۔معاہدے کے مطابق دونوں ادارے فیکلٹی ممبران، تحقیقی اداروں اور طلبہ کے مابین براہ راست رابطے اور تعاون کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ دستاویزات پر دستخط کافی نہیں، معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائم فریم کے اندر معاہدوں پرعمل درآمد کو یقینی بنائیں گے تاکہ اس کے اثرات کمیونٹی پر نظر آئیں۔ڈاکٹر ناصر محمود نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے مابین اس معاہدے سے تعلیم سے محروم لوگوں کو استفادہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے جاری پراجیکٹGPE/Kixکے تحت ایف جی ای آئی کو انکلوسیو ایجوکیشن(inclusive education)میں اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرزکی تربیت میں بھرپور مدد فراہم کرے گی۔
بریگیڈئیر شاہد بشیر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک عمل کو مزید مضبوط بنانے پر خوشی و اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں ٹریننگ کی جدید سہولتیں موجود ہیں اور ہم سکولوں سے باہر بچوں کو پڑھانے سمیت ٹیچرز ٹریننگ میں بھی تعاون فراہم کرسکتے ہیں۔قبل ازیں ڈائریکٹوریٹ آف کولبریشن اینڈ ایکسچینج کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر زاہد مجید نے یونیورسٹی کی پروفائل پر تفصیلی پریذنٹیشن دی۔
انہوں نے کہا کہ اس پریذنٹیشن کا مقصد یہ ہے کہ آپ کو معلوم ہوجائے کہ ہم کن کن شعبوں میں تعاون کرسکتے ہیں۔ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ 36ممالک سے 500 سے زائد بین الاقوامی طلبہ ہر سمسٹر میں داخل ہوتے ہیں، ہمارے پاس 90ہزار پارٹ ٹائم ٹیوٹرز ہیں، 3ہزار پروگرامز ہیں، 54علاقائی دفاتر، 122پارٹ ٹائم ریجنل کوآرڈینٹرز،1200سٹڈی سینٹرز اور 900امتحانی مراکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ایک لاکھ طلبہ آن لائن کلاس لیتے ہیں، اب تک 46لاکھ طلباء گریجویٹ ہوچکے ہیں۔