اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سینٹر فار لینگوئجز اینڈ ٹرانسلیشن نے دو لسانی محاوروں اور کہاوتوں کے لئے ویب پر مبنی جدید ایپ لانچ کردی۔
ایپ کی افتتاحی تقریب گذشتہ روز یونیورسٹی کے کونسل ہال میں منعقد ہوئی، صدارت وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔
تقریب میں یونیورسٹی کے چاروں ڈینز، ڈائریکٹرز اور پرنسپل افسران شریک تھے۔ اس موقع وائس چانسلر نے لسانی تنوع اور ثقافتی ورثے کو فروغ دینے میں ٹیکنالوجی کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے بغیر آج کا نوجوان ادھورا ہے، ویب پر مبنی اس ایپ کے ذریعے نوجوان نسل کو زبانیں سیکھنے میں سہولت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایپ لسانی تنوع کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ڈاکٹر ناصر محمود نے سینٹر فار لینگوئجز اینڈ ٹرانسلیشن سٹڈیز کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر غلام علی کی کوششوں کو سراہا۔قبل ازیں ڈاکٹر لبنی عمر اور ڈاکٹر غلام علی نے ایپ لانچ کرنے کی اہمیت، ضرورت اور افادیت پر تفصیلی پریذ نٹیشن دی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایپ خطرے سے دوچار زبانوں کے تحفظ کے لئے تعلیمی ٹول اور مشین لرننگ کے طور پر کام کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ایپ زبانوں کے شائقین، محققین اور زبانیں سیکھنے والوں کے لئے ایک انمول اثاثہ ہے۔علاوہ ازیں یونیورسٹی اگلے سال اپنی 50ویں سالگرہ منائے گی۔ وائس چانسلر نے آئندہ سال کو بطور جشن منانے کا اعلان کیا ہے۔ویب پر مبنی ایپ کی لانچنگ تقریب کے موقع پر گولڈن جوبلی کے لوگو کو بھی لانچ کیا گیا۔