احمد آباد: ورلڈکپ2023ء کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کوباآسانی6وکٹوں سے شکست دے چھٹی مرتبہ ورلڈچیمپیئن بننے کااعزازحاصل کرلیا۔بھارتی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 240رنز بنا سکی،آسٹریلوی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر43اوورز میں ہدف حاصل کرکے کامیابی حاصل کرلی ،ٹریوس ہیڈ 137رنز کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما نے روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور 4 اوورز میں اسکور کو 30 تک پہنچا دیا تاہم دوسرے اینڈ سے شبمن گل کا بلا خاموش رہا۔آسٹریلیا کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب اسٹارک کی گیند پر شبمن گل صرف چار رنز بنانے کے بعد زامپا کو کیچ دے بیٹھے تاہم دوسرے اینڈ سے کپتان روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز ویرات کوہلی کے ہمراہ 46 رنز کی شراکت قائم کی۔یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد بھارتی ٹیم دباو میں آ گئی اور رنز بننے کی رفتار میں نمایاں کمی آ گئی۔

ویرات کوہلی نے مشکل وقت میں ذمے داری کو سمجھا اور عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایونٹ میں ایک نصف سنچری اسکور کی۔رویندرا جدیجا بھی مسلسل جدوجہد کرتے رہے اور بالآخر 9 رنز بنانے والے آل راونڈر، جوش ہیزل وڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔راہل نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 66 رنز کی اننگزتراشی تاہم بالآخر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور تجربہ کار اسٹارک کی گیند پر وہ بھی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔اختتامی اوورز میں بھی بھارتی بلے باز تیزی سے کھیلنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم اننگز کی آخری گیند پر 240 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اننگز کی پہلی ہی گیند پر ڈیوڈ وارنر آئوٹ ہونے بال بال بچے۔وکٹ پر آنے والے مچل مارش نے جارحانہ انداز اپنایا اور ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر اسکور 41 تک پہنچایا لیکن 15 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد بمراہ کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے تاہم آسٹریلین ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب بمراہ کے اگلے اوور میں اسٹیو اسمتھ ایک گیند کو سمجھ نہ سکے اور انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔47 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد ہیڈ کا ساتھ دینے مارنس لبوشین آئے اور دونوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 192 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور آسٹریلیا کو ورلڈ چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 137 رنز کی عمدہ باری کھیلی اور جب وہ آوٹ ہوئے تو آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے صرف دو رنز درکار تھے۔آسٹریلیا نے میچ میں 7 اوورز قبل ہی فتح حاصل کر کے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

Leave a Reply